جمعه 15/نوامبر/2024

رکن اعظم کی ادائی کے بعد حجاج کرام مشعر الحرام میں جمع، عید اور قربانی

اتوار 11-اگست-2019

نو ذی الحج کو میدان عرفات میں رکن اعظم کی ادائی کے بعد حجاج کرام اللہ کا ذکر کرتے ہوئے مشعرالحرام پہنچے جہاں انہوں نے مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کیں۔

نو ذی الحج ہفتے کے روز لاکھوں حجاج کرام مزدلفہ کے لیے روانہ ہوئے۔ قبل ازیں یوم عرفہ کے موقع پر میدان عرفات میں لاکھوں حجاج کرام کی موجودگی کے دوران باران رحمت نازل ہوئی۔

میدان عرفات میں لاکھوں مسلمانوں نے اپنی اپنی زبانوں میں پروردگار عالم سے گڑ گڑا کر دعائیں مانگیں۔ آج حجاج کرام نے مشعر الحرام میں عید کی نماز ادا کی اور قربانی دی۔ مزدلفہ سے واپسی پرعازمین حج نے جمرہ اولیٰ پر کنکریاں مارنے کے لیے کنکریاں اٹھائیں۔

مشاعرمقدسہ میں باران رحمت ایک ایسے وقت نازل ہوئی جب دوسری طرف میدان عرفات نے سفید چادر اوڑھ لی تھی۔ یہ سفید چادر لاکھوں فرزندان توحید کے احرام کی تھی جو احرام باندھے اور تلبیہ پڑھتے میدان عرفات میں جمع تھے۔

باران رحمت کا نزول ایک ایسے وقت میں ہوا جب لاکھوں فرزندان توحید میدان عرفات میں اپنے پرور دگار کے حضور دست بہ دعا تھے اور خداوند کریم سے اس کی مغفرت، بخشش اور رحمت کے لیے گڑ گڑا کر دعائیں مانگ رہے تھے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کے مطابق  ہفتے کے روز میدان عرفات میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ ایک سو کلو میٹر گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلتی رہی۔

محکمہ موسمیات نے چوبیس گھنٹوں تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور حکومت کے تمام ادارے نجی تنظیموں کے ساتھ مل کر عازمین حج کی مناسک کی ادائی میں ہرممکن مدد فراہم کررہے ہیں۔

ادھر سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے بارش کے دوران حجاج کرام سے محتاط رہنے کی تاکید کی ہے۔ شہری دفاع کے حکام نے حجاج کرام سے کہا ہے کہ وہ بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں نہ جائیں اور خود کو بارش سے بچانے کی ہرممکن کوشش کریں۔ اس کے علاوہ دھاتی اشیا کو چھونے سے گریز کریں تاکہ کسی دھاتی چیز میں برقی رو کی موجودگی انہیں نقصان نہ پہنچائے۔

مختصر لنک:

کاپی