قابض صہیونی ریاست کی جیل میں انتظامی حراست کے خلاف مسلسل 67 دن سے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیر نے مطالبات پورے ہونے پر بھوک ہڑتال ختم کردی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق اسیر سلطان خلف نے 67 روزہ بھوک ہڑتال یہ کہہ کر ختم کردی ہے کہ قابض حکام کی طرف سے اسے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ آئندہ دسمبر میں اس کی انتظامی قید کی مدت ختم ہوجائے گی جس میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں برقین کے مقام پر موجود سلطان خلف کے اہل خانہ نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ صہیونی حکام نے سلطان خلف کو 15 دسمبر کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صہیونی حکام کی طرف سے رہائی کی یقین دہانی کے بعد سلطان خلف نے بھوک ہڑتال ختم کردی ہے۔
اسیر کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سلطان خلف طویل بھوک ہڑتال کے باعث اسپتال میں ہے جہاں اسے کسی قسم کی طبی امداد فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔