فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ایک رکن اور ہیومن رائٹس اینڈ سول سوسائٹی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ احمد التمیمی نے بدھ کے روز کہا کہ ویب سائٹوں کو بلاک کرنے کا فیصلہ بین الاقوامی معاہدوں سے متصادم ہے۔ فلسطینی اتھارٹی نے کئی عالمی معاہدوں پربغیر کسی تحفظ کے دستخط کیے ہیں جن میں ملک میں آزادی اظہار رائے اور ابلاغ کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے آن لائن ویب سائیٹ کو آزادانہ کام کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
احمد التمیمی نے ایک بیان میں کہا کہ ویب سائٹس کے مندرجات سے قطع نظر ویب سائیٹ کی بندش فلسطینیوں کے بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کرنے کے عزم کے منافی ہے۔ یہ اقدام فلسطین کے بنیادی قانون بالخصوص آرٹیکل 19 اور 27 سے بھی متصادم ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطینی اتھارٹی نے غرب اردن میں کام کرنے والی آن لائن ویب سائیٹ کےخلاف مہم شروع کی تھی۔ اس مہم کے تحت مرکزاطلاعات فلسطین سمیت کئی دوسری اہم نیوز ویب سائیٹ اور آن لائن فورمز تک عوام کی رسائی روک دی گئی ہے۔
التمیمی نے فلسطینی اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ ویب سائیٹس کو بلاک کرنے اور ان تک عوامی رسائی روکنے کا فیصلہ واپس لے تاکہ شہریوں کو بنیادی معلومات تک رسائی کا حق مل سکے۔