امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ شدت پسند گروہ نام نہاد دولتِ اسلامیہ کے مفرور رہنما ابوبکر البغدادی ایک آپریشن میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سپیشل فورسز کے جانب سے سنیچر کو رات گئے ایک آپریشن کے دوران البغدادی نے اپنے آپ کو خودکش جیکٹ کے دھماکے سے ہلاک کر لیا۔
البغدادی 2014 میں اس وقت نمایاں ہوئے تھے جب انھوں نے شام اور عراق کے علاقوں میں ’خلافت‘ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔
دولتِ اسلامیہ نے کئی حملے اور جنگجوانہ کارروائیاں کی تھیں جن میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے۔
اس گروہ نے اپنے زیرِ انتظام علاقوں میں رہائش پذیر تقریباً 80 لاکھ افراد پر ایک سخت گیر حکومت قائم کر رکھی تھی اور یہ دنیا کے کئی شہروں میں ہونے والے حملوں میں ملوث رہی۔
اتوار کی صبح ایک غیر معمولی بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی سپیشل فورسز نے ‘رات کے وقت ایک بہادرانہ حملے میں’ اپنا مشن زبردست انداز میں مکمل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی امریکی فوجی اس آپریشن کے دوران ہلاک نہیں ہوا مگر البغدادی کے کئی ساتھی ہلاک ہوئے ہیں۔
اس سے پہلے صدر ٹرمپ نے ایک پراسرار ٹویٹ کی تھی جس میں لکھا تھا کہ ’ابھی کچھ بڑا ہوا ہے۔‘
ٹرمپ نے یہ ٹویٹ امریکی وقت کے مطابق رات ساڑھے دس بجے کی تھی۔