فلسطینی نژاد اردنی دو شیزہ اور اسرائیلی جیل میں بھوک ہڑتال کرنے والی ھبہ اللبدی نے رہائی کی یقین دہانی کے بعد 42 روز سے جاری بھوک ہڑتال معطل کردی ہے۔ صہیونی حکام نے یقین دلایا ہے کہ ھبہ اللبدی اور دوسرے اردنی قیدی عبدالرحمان مرعی کو آئندہ جمعرات کو رہا کرنے کے بعد اردن روانہ کردیا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسیرہ ھبہ اللبدی کے وکیل نے بتایا کہ اس کی موکلہ نے 42 روز سے جاری بھوک ہڑتال معطل کردی ہے۔ اسرائیلی حکام کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اللبدی اور عبدالرحمان مرعی کو آئندہ جمعرات کو رہا کرنے کے بعد اردن روانہ کردیا جائے گا۔
اردنی وزیرخارجہ ایمن الصفدی نے سوموار کے روز بتایا کہ اسرائیلی حکومت حراست میں لیے گئے دونوں اردنی شہریوں ھبہ اللبدی اور عبدالرحمان مرعی کو رہا کرنے پر رضا مند ہوگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اللبدی اور عبدالرحمان مرعی کو آئندہ ہفتے قبل رہا کرکے اردن بھیج دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ھبہ اللبدی کواسرائیلی فوج نے دو ماہ قبل اس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ اردن سے مقبوضہ مغربی کناے میں اپنے ایک عزیز کی شادی میں آئی تھیں۔ اس عرصے میں ایک دوسرے اردنی شہری اور کینسر کے مریض عبدالرحمان مرعی کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ ھبہ اللبدی نے بلا جواز حراست کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔