امیر قطر االشیخ تمیم بن حمدل آل ثانی نے کہا ہے کہ جب تک فلسطینی قوم کو ان کے آئینی اور جائز حقوق فراہم کرنے کے ساتھ ان کے ساتھ انصاف نہیں کیا جاتا اس وقت تک مشرق وسطی میں پائیدار امن کے قیام کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امیر قطر نے شوریٰ کونسل کے 48 ویں معمول کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ فلسطینی قوم کا پہلا حق ان کا "حق خود ارادیت” ہے۔ اسرائیل سنہ 1967ء کی جنگ میں قبضے میں لیے گئے تمام علاقے خالی کرے اور مشرقی بیت المقدس کو آزاد فلسطینی مملکت کا دارالحکومت قرار دے۔ بین الاقوامی قراردادوں میں بھی فلسطینی ریاست کا یہی حدود اربعہ تسلیم کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم کو اس کے سلب شدہ حقوق ملنے تک اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پرلانے کی باتیں محض’ سراب’ ہیں۔ عالمی برادری، عالم اسلام اور عرب ممالک کو فلسطینی قوم کی مدد کرنی چاہیے تاکہ وہ آزادی کی منزل سے ہم کنار ہوسکے۔
امیرقطر نے فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیلی ریاست کے منظم جرائم اور مظالم کی شدید مذمت کی اور کہا صہیونی ریاست یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع کےذریعے فلسطینیوں کی آزاد ریاست کے قیام کو مزید پیچیدہ بنانے کی سازش کررہا ہے۔