فلسطینی وزارت زراعت نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ گذشتہ ہفتے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں زراعت کے شعبے کو 6 لاکھ ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق غزہ میں وزارت زراعت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فوج نے باقاعدہ منصوبے اور سازش کے تحت غزہ میں زرعی املاک اور فصلوں کو نشانہ بنایا۔ فلسطینی کسان، کاشت کاروں کے مکانات،زرعی املاک اور زراعت سے متعلق مشینر کو دانستہ طور پرنشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض فوج کی طرف سے زراعت، نباتات، لائیو اسٹاک، ماہی گیری کے شعبے کو بھی براہ راست نشانہ بنایا گیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج کے غزہ کی پٹی پر جاری رہنے والے فضائی حملوں کے نتیجے میں 35 فلسطینی شہید اور ایک سو سے زاید زخمی ہوگئے تھے۔ قابض فوج کی طرف سے نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔