فلسطینی حکومت نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطین میں یہودی آباد کاری کی روک تھام کے لیے اپنی قراردادوں پر موثر طریقے سےعمل درآمد کرائے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے روز فلسطینی وزارت انصاف کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ سنہ 1967ء کی جنگ میں اسرائیلی تسلط میں آنے والے فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری کی روک تھام میں ناکام رہی ہے۔
بیان میں 29 نومبرکوفلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختص عالمی دن کے موقع پر کہا گیا ہے کہ فلسطین میں یہودی آباد کاری اور توسیع پسندی کی روک تھام کے لیے عالمی برادری اور اقوام متحدہ موثر اقدامات نہیں کرسکی ہے۔
فلسطینی وزارت انصاف نے سلامتی کونسل کی 2016ء کو منظور کردہ قرارداد 2334 پر فوری عمل درآمد کرانے اور امن عمل کو آگے بڑھانے کی راہ میں اسرائیل کی طرف سے کھڑی کی گئی رکاوٹیں دور کرنے کا مطالبہ کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قضیہ فلسطین سے متعلق منظور کردہ قراردادوں پرعمل درآمد اقوام متحدہ کی آئینی، سیاسی اور سفارتی ذمہ داری ہے۔ بیان میں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے اس بیان کی شدید مذمت کی گئی ہے جس میں انہوں نے فلسطین میں یہودی آباد کاری کی حمایت کی ہے۔