کویت میں مختلف سماجی تنظیموں کے تعاون سے فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے چھ کلو میٹر طویل میرا تھن دوڑ کا اہتمام کیا گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق کویت سٹی ہونے والی اس میراتھن دوڑ کے لیے’کویت سے القدس تک’ کا عنوان دیا گیا۔ جابر پل سے شروع ہونے والی اس میراتھن میں شریک شہری چھ کلو میٹر تک دوڑتے رہے۔
کویت میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی یہ میرا تھن ایک ایسے وقت میں منعقد کی گئی جب 29 نومبرکو فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منایا گیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق اس میراتھن کے انعقاد سے فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا، مسجد اقصیٰ اور القدس کے لیے کویتی عوام کی حمایت کا ثبوت دینا تھا۔
سماجی تنظیم سوشل ریمارمز آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل یعقوب الانصاری نے ایک بیان میں کہا کہ میراتھن دوڑ میں 1500 شہریوں نے حصہ لیا۔ اس سرگرمی کا مقصد مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا۔
تنظیم کے ایک دوسرے عہدیدار اور تعلقات عامہ کے سربراہ عبدالرحمان الشطی نے کہا کہ میرا تھن دوڑ کا مقصد کویتی عوام میں فلسطینیوں کے حوالے سے بیداری پیدا کرنا اور یہ ثابت کرنا تھا کہ فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار نہ صرف سرکاری سطح پر کیاجاتا ہے بلکہ کویتی عوام اور حکومت دونوں فلسطینی قوم کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہیں۔