فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں گذشتہ روز اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں کئی فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق رام اللہ میں شہریوں نے اسرائیلی جیلوں میں قید بھوک ہڑتال اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک ریلی نکالی گئی تھی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔قابض فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے لیے ان کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسیران نے ‘عوفر’ جیل میں90 دن سے مسلسل بھوک ہڑتال کرنے والے اسیر احمد زھران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی تھی۔
مظاہرین نے احمد زھران کی فوری رہائی اور اس کی بھوک ہڑتال ختم کرنے کے لیے اسیر کے مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ اسیر احمد زھران نام نہاد انتظامی قید کے خلاف مسلسل 90 دن سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔