اسرائیل کی بلیو وائٹ پارٹی کے سربراہ اور سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ بینی گینٹز نے کہا ہے کہ بنجمن نیتن یاھو کے اقتدارکا سورج غروب ہوچکا ہے۔ آئندہ حکومت بلیو وائٹ اور اس کے اتحادی بنائیں گے۔
اپنے ایک بیان میں بینی گینٹز کا کہنا تھا کہ وہ حکومت کی تشکیل کے لیے دوسری سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطہ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو موجودہ بحرانوں سے صرف ان کی جماعت نکال سکتی ہے۔ نیتن یاھو اور ان کے اتحادیوں کا دور گذر چکا۔ وہ اسرائیلی ریاست اوریہودیوں کی کوئی خدمت نہیں کرسکے۔
انتخابات میں نیتن یاھو کی جماعت کی زیادہ سیٹوں اور بلیو وائٹ کی کم نشستوں کے باوجود حکومت کی تشکیل کے بارے میں بات کرتے ہوئے بینی گینٹز کا کہنا تھا کہ آئندہ حکومت ان کی جماعت ہی تشکیل دے گی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی کنیسٹ کے 2 مارچ کو ہونے والے انتخابات نیتن یاھو کی جماعت لیکوڈ نے 36 نشستیں حاصل کیں جب کہ ان کے حریف بینی گینٹز نے 33 نشستوں پرکامیابی حاصل کی ہے۔ اسرائیل میں دائیں بازوں کے انتہا پسند سیاسی گروپوں کی کل نشستیں 58 تک جا پہنچی ہیں۔