شام کے صوبے درعا میں جاری لڑائی کے نتیجے میں وہاں پر مقیم فلسطینی پناہ گزینوں کو فاقوں کا سامنا ہے اور فلسطینیوں کے بچے بھوک اور افلاس کی وجہ سے تڑپ تڑپ کر مررہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق درعا پناہ گزین کیمپ میں فلسطینی پناہ گزینوں کو خوراک کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ امدادی اداروں کی طرف سے بھی درعا پناہ گزین کیمپ میں کسی قسم کی امداد نہیں پہنچائی گئی۔
شام ۔ فلسطین ایکشن گروپ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلسل جنگ اور بمباری کے نتیجے میں درعا میں رہنے والے فلسطینی پناہ گزینوں کو بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ درعا شہر اور اس کی کالونیوں میں فلسطینی پناہ گزینوں کا پہنچنا مشکل ہے کیونکہ آبادی والے علاقے وہاں سے میلوں دور ہیں۔ مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ 400 شامی لیرہ میں ایک روٹی ملتی ہے۔
خیال رہے کہ درعا پناہ گزین کیمپ میں بڑی تعداد میں فلسطینی پناہ گزین آباد ہیں۔