لبنانی وزیر صحت حمد حسن نے عالمی اداروں اور عالمی برادری کی طرف سےفلسطینی پناہ گزینوں کے حوالے سے لاپرواہی برتنے بالخصوص کرونا وائرس کی وباء میں فلسطینی پناہ گزینوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں ناکامی پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
المنار ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں لبنانی وزیر صحت نے کہا کہ عالمی اداروں نے فلسطینی پناہ گزینوں کے حوالے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔ شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں کو کرونا کی وباء کے دوران طبی امداد کے ساتھ ساتھ معاشی مدد کی بھی ضرورت ہے اور عالمی ادارے اس حوالے سے آنکھیں بند کیےبیٹھے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں لبنانی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت تمام پناہ گزینوں کے ساتھ کرونا کی وباء کے دوران مساوی سلوک کررہی ہے۔ تمام پناہ گزینوں کو وہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جوعام لبنانی شہریوں کو دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ادارے فلسطینی پناہ گزینوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے فرار نہیں اختیار کرسکتے۔