یوروپ اور دوسرے ممالک میں مقیم سیکڑوں فلسطینی شخصیات نے فلسطینی دھڑوں میں اختلافات اور باہمی رسا کشی فوری ختم کرنےکا مطالبہ کرتے ہوئے داخلی اتحاد کو بحالی اور جامع مکالمے کو دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یورپی ملکوں میں رہنے والے سرکردہ فلسطینی رہ نمائوں نے فلسطینی دھڑوں میں اختلافات ختم کرنے کے لیے ایک فارمولہ پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تیرہ سال گزر جانے کے بعد بھی فلسطینیوں میں تقسیم بھی ہمارے اجتماعی قومی مقاصد کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے۔ یہ تقسیم ایک گھٹا ٹوپ تاریکی ہے جس کا فایدہ صرف فلسطینی قوم کے دشمنوں کو ہو رہ اہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ اختلافات کو دور کرنے کا واحد راستہ سیاسی قوتوں کے مابین جامع بات چیت ہے۔ ہم تمام فلسطینی دھڑوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جامع بات چیت کی بحالی کی طرف آئیں اور قضیہ فلسطین کو ختم کرنے کی دشمنی کی چالوں کو مل کر ناکام بنائیں۔
فلسطینی شخصیات نے تنظیمی اصولوں کے مطابق فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے اداروں کو فعال اور ترقی دینے پر زور دیا تاکہ جامع انتخابات کے ذریعے فلسطینی میدان کے ہر رنگ کی شرکت کی ضمانت دی جاسکے۔