فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے پنشن اورریٹائرمنٹ سے متعلق قانون میں کی گئی تمام ترامیم منسوخ کردی ہیں۔
فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ‘فیس بک’ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں لکھا ہے کہ پنشن ایکٹ میں کی گئی تمام تجاویز جن میں ارکان پارلیمنٹ کے ریٹائرمنٹ الائونس اور وزراء کے مساوی عہدے رکھنے والی شخصیات کے الائوس میں ترامیم شام ہیں۔ ان سب کو منسوخ کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی سیاسی جماعتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے وزراء کے مساوی عہدے رکھنے والی شخصیات کو مالی مراعات دینے سے متعلق قانون پرعمل درآمد روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔
فلسطینی حلقوں کا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ ایکٹ اور اس سے متعلقہ شقیں دیگر نمائندہ فلسطینی قوتوں کی مشاورت کے بغیر تیار کی گئی ہیں۔ موجودہ حالات میں جب فلسطینی اتھارٹی مالی بحران سے دوچار ہے ایسے میں سابق وزراء یا دیگر سیاسی عہدیداروں کو اضافہ مراعات دینا افسوسناک ہے کیونکہ دوسری طرف فلسطینی عوام بدترین معاشی مسائل کا سامنا کررہی ہے۔