عالمی علما اتحاد کے چیئرمین اور ممتاز عالم دین علامہ یوسف القرضاوی نے فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد کے سابق سیکرٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شلح کی وفات سے بالعموم پوری مسلم امہ بالخصوص فلسطینی قوم ایک عظیم مجاھد رہ نما سے محروم ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ رمضان عبداللہ شلح ہفتے کے روز لبنان کے دارالحکومت بیروت کے ایک اسپتال میں طویل علالت کے بعد 62 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے.
علامہ یوسف القرضاوی نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں لکھا کہ میں برادر مجاھد رمضان شلح سے اچھی طرح واقف ہوں۔ وہ ایک بہادر اور ماہرلیڈر ہونے کے ساتھ ساتھ واضح ویژن رکھتے تھے اور قضیہ فلسطین کے حوالے سے ان کا موقف دوٹوک اور مسلمہ تھا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ رمضان شلح نے اپنی پوری زندگی قوم اور امت کے مفاد کے لیے خدمات میں گذار دی۔ ان کی پوری زندگی قوم اور قضیہ فلسطین کے لیے مشکلات اور قربانیوں سے عبارت ہے۔ ان کی وفات سے فلسطینی قوم ہی نہیں بلکہ پوری مسلم امہ ایک عظیم لیڈر سے محروم ہوگئی ہے۔