ملائیشیا نے کرونا وبا کی وجہ سے رواں سال فریضہ حج کے لیے اپنے شہریوں کو حجاز مقدس نہ بھیجنے کافیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ پوری دنیا میں پھیلی کرونا وبا کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
ملائیشیا کے وزیر برائے مذہبی امور ذولکفلی البکری نے ایک بیان میں کہا کہ ہم اپنے شہریوں کو ایک افسوسناک خبر دے رہے ہیں کہ ہم اس سال فریضہ حج ادا نہیں کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرونا وبا کے خطرے کے پیش نظر اپنے شہریوں کو رواں سال فریضہ حج کے لیے نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال ملائیشیا کے شہری فریضہ حج ادا نہیں کرسکیں گے تاہم آئندہ سال حج کی ادائی یقینی بنائی جائے گی۔
خیال رہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے رواں سال عمرہ کے مناسک بند ہوچکے ہیں۔ خدشہ ہے کہ رواں سال فریضہ حج بھی محدود ہوگا۔ ملائیشا میں رواں سال 31 ہزار 600 شہریوں نے فریضہ حج کے لیے درخواستیں دی تھیں۔ تاہم یہ خوش نصیب آئندہ سال فریضہ حج میں شامل ہوسکیں گے۔