حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں حماس کے اعلیٰ سطحی وفد نے قطر کے دارالحکومت دوحا میں روسی نائب وزیر خارجہ میخائیل بوغدانوف اور قطر میں روسی سفیر نور خلوف کے ساتھ ملاقات کی۔
حماس کی جانب سے جاری کردہ اخباری بیان کے مطابق حماس کے وفد میں سابق سیاسی سربراہ خالد مشعل اور بین الاقوامی امور کے سربراہ موسیٰ ابو مرزوق بھی شامل تھے۔
اس ملاقات کے دوران ، حماس رہنماؤں نے بوغدانوف اور خلوف کو فلسطینی میدان میں ہونے والی سیاسی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا جسمیں خاص طور پر مقبوضہ مغربی کنارے کے حصے کو اسرائیل میں شامل کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ حماس اور دوسرے فلسطینی دھڑے اسرائیلی الحاق کے منصوبے کو رد کرتے ہیں اور اس اسرائیلی منصوبے اور دوسرے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے ہر سطح پر کام کرتے رہیں گے۔
حماس کی قیادت نے بین فلسطین تقسیم کو ختم کرنے اور قبضے اور اس کی اسکیموں کے خلاف داخلی محاذ کو مستحکم بنانے کے لئے دیگر قومی جماعتوں کے ساتھ مل کر کی جانے والی کوششوں کی بھی وضاحت کی۔