فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں قابض اسرائیلی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک فلسطینی نوجوان کو بے دردی کےساتھ شہید کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق منگل کے روز اسرائیلی فوج نے مشرقی بیت المقدس میں کونٹینر چیک پوسٹ پر ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں ماری ہیں جس کے نتیجے میں فلسطینی شہری شہید ہوگیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے شہید فلسطینی کی شناخت 24 سالہ احمد مصطفیٰ عریقات کے نام سے کی گئی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے احمد عریقات کو گولیاں مار کر شدید زخمی حالت میں سڑک پر پھینک دیا اور امدادی کارکنوں اور طبی عملے کو اس کےقریب جانے سے روک دیا۔ جس کے نتیجے میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ احمد مصطفیٰ عریقات کا تعلق بیت المقدس کے مشرقی قصبے ابو دیس سے بتایا جاتا ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے اسی چیک پوسٹ پراحتجاج کے لیے جمع ہونے والے فلسطینیوں پرآنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔