پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے مختلف فلسطینی دھڑوں کی جانب سے اپنے اختلافات کو ختم کرنے کے بیجنگ اعلامیے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے امید پیدا ہوئی ہے کہ دیرپا امن حاصل کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’میں بیجنگ اعلامیے کا خیرمقدم کرتا ہوں جس میں سرکردہ فلسطینی دھڑوں کے درمیان متحد ہونے اور عبوری اتحاد کی حکومت تشکیل دینے کے معاہدے پر بات کی گئی ہے۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’طویل عرصے سے فلسطین کے عوام نے درد اور مصائب کے سوا کچھ نہیں دیکھا۔ آج کے معاہدے سے امید پیدا ہوئی ہے کہ دیرپا امن حاصل کیا جا سکتا ہے۔‘
’دنیا کو فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دینا چاہیے کہ وہ غزہ کو تباہ کرنے اور گذشتہ 10 ماہ کے دوران 40 ہزار کے قریب بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کرنے والے وحشیانہ تشدد کو ختم کرے۔‘
مختلف فلسطینی دھڑوں نے منگل کو بیجنگ اعلامیے پر دستخط کر کے اپنے اختلافات کو ختم کرنے اور فلسطینی اتحاد کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے بتایا کہ بیجنگ میں فلسطینی دھڑوں کے درمیان 21 سے 23 جولائی تک جاری رہنے والے مصالحتی مکالمے کے اختتام پر منگل کو ہونے والی تقریب میں اس اعلامیے پر دستخط کیے گئے۔
ایک اور چینی نشریاتی ادارے سی جی ٹی این نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ حماس اور الفتح سمیت کل 14 فلسطینی دھڑوں کے رہنماؤں نے میڈیا سے ملاقات کی جس میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی موجود تھے۔
اعلامیے پر حماس کی جانب سے تنظیم کے سینیئر رکن موسیٰ ابو مرزوق، جب کہ فتح کی جانب سے مرکزی کمیٹی کے وائس چیئرمین محمود العالول نے دستخط کیے۔