فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے غزہ کی پٹی میں کرونا کی وبا میں تیزی کے بعد وزرا اور طبی ماہرین پر مشتمل وفد غزہ روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر عباس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے عوام کو ہرممکن طبی سہولت فراہم کی جائےگی۔
گذشتہ روز صدر عباس کی زیر صدارت رام اللہ میں ایوان صدر میںہونے والے کرونا کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں وزراء، سینیر سیکیورٹی افسران اور مختلف گورنریوں کے گورنروںنے شرکت کی۔
اس موقعے پر کرونا ایمرجنسی کمیٹی کی طرف سے اجلاس کو غزہ میں کرونا کی وبا میں تیزی اور بیماری سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدمات پربریفنگ دی۔
اس موقعے پر فلسطینی حکومت نے غزہ اور غرب اردن میں کرونا کے خطرے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات اور وزارت صحت کے وضع کردہ ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل درآمد پر زور دیا۔ اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں شہریوں سے کہا گیا کہ وہ رضاکارانہ طورپر ماسک کا استعمال کریں، سماجی فاصلہ رکھیں اور اجتماعات اور سفر سے گریز کریں۔