جمعه 15/نوامبر/2024

امارات نے اسرائیل کو تسلیم کرکے عالم اسلام کے ساتھ غداری کی: خامنہ ای

جمعرات 3-ستمبر-2020

اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو تسلیم کرکے اسلامی دنیا اور فلسطینیوں سے غداری کا ارتکاب کیا ہے۔

آیت اللہ علی خامنہ ای نے منگل کے روز ایک نشری تقریر میں کہا ہے’’یو اے ای کی غداری یقینی طور پر تادیر نہیں رہے گی لیکن اس شرم ناک اقدام کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انھوں (اماراتیوں) نے صہیونی نظام کو خطے میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے اور فلسطینیوں کو فراموش کردیا ہے۔‘‘
انھوں نے یو اے ای کے بارے میں سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ’’اماراتی اسلامی دنیا ، عرب اقوام اور فلسطینیوں کے خلاف اس غداری کے بعد ہمیشہ کے لیے بے توقیر ہوجائیں گے۔‘‘

ایرانی رہبراعلیٰ کے اس سخت تبصرے سے ایک روز قبل ہی اسرائیلی اور امریکی حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا ایک وفد تل ابیب سے پہلی تجارتی پرواز کے ذریعے ابو ظبی پہنچا تھا اور اس نے اماراتی حکام سے یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان طے شدہ تاریخی امن معاہدے کے تحت دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے بات چیت کی تھی۔ اس وفد کی قیادت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر اعلیٰ جیرڈ کوشنر کررہے تھے۔

خامنہ ای نے اپنی تقریر میں جیرڈ کوشنر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اماراتی اسرائیلیوں اور ٹرمپ کے خاندان کے یہودی رکن سمیت بدتر امریکیوں کے ساتھ مل کر اسلامی دنیا کے مفادات کے خلاف کام کررہے ہیں۔‘‘
ساتھ ہی انھوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا ہے کہ ’’اماراتی اس (معاہدے) کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے اور انھوں نے جو کچھ کیا ہے،اس کا ازالہ کریں گے۔‘‘

ایرانی عہدے دار امریکا کی ثالثی میں یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان 13 اگست کو تاریخی امن معاہدے کے اعلان کے بعد سے تندوتیز بیانات جاری کررہے ہیں اور اس معاہدے پر کڑی تنقید کررہے ہیں۔ ان میں سے بعض نے اپنے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان تال میل سے مشرقِ اوسط میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی