خلیجی عرب ملکوں متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام کے اعلان پر عرب دنیا کے مختلف طبقات کی طرف سے رد عمل جاری ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصرکے 500 صحافیوں اور دانشورں نے ایک پٹیشن پردستخط کیے ہیں جس میں اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
مصری صحافتی تنظیموں سے تعلق رکھنےوالے پانچ سو سو سینیر صحافیوں نے اس پٹیشن میں عرب ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امارات اور بحرین کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے اعلان کو مسترد کردیں۔ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ امارات اور بحرین کےاسرائیل کے ساتھ تعلقات کے اعلان کو عرب اقوام نے تسلیم نہیں کیا ہے۔ ہمارا اس بات پریقین ہے کہ یہودی عرب ملکوں کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ ان ملکوں کے اقدامات عرب لیگ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی اور قضیہ فلسطین کے منصفانہ حل کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں۔
پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ مصر کے صحافی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں اور اصولوں کو خاطر میں لاتے ہوئے قضیہ فلسطین کے حوالے سے اصولی موقف کی حمایت کرنے کے پابند ہیں۔ دوسرے عرب ملکوں کی صحافتی تنظیموں اور میڈیا کو بھی فلسطینیوں کے اصولی مطالبات اور ان کے دیرینہ حقوق کا دفاع کرنا چاہیے۔