خلیجی ریاستوں متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور صہیونی ریاست کے ساتھ امن معاہدوں کے خلاف مراکش اور الجزائر سمیت کئی ممالک میں عوامی سطح پر مظاہرے جاری ہیں۔
کل ہفتے کے روز رباط میں سول سوسائٹی کے زیراہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امارات اور بحرین کے اسرائیل کے ساتھ معاہدوں کی شدید مذمت کی۔
مراکش کی پارلیمنٹ کے باہر ہونے والے مظاہرے کے لیے ‘فلسطینی قوم کی حمایت امانت اور اسرائیل سے دوستی خیانت’ کا عنوان دیا گیا۔ یہ مظاہرہ مراکش کی 28 تنظیموں کی اپیل پر کیا گیا۔ ان تنظیموں نے ملک گیر مظاہروں کی کال دی تھی۔
اس موقعے پر مظاہرین نے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنےوالے ممالک کے خلاف مظاہرے کیے اور کہا کہ فلسطین پر صہیونی ریاست کے غیرقانونی تسلط اور قبضے کی طرح اسرائیل کے ساتھ دوسی بھی جرم ہے۔ فلسطین ناقابل فروخت ہے۔
ادھر الجزائر کے شہروں میں بھی صہیونی ریاست اور عرب ممالک کے درمیان طے پانےوالے معاہدوں کی مذمت میں مظاہرے کیے گئے۔