اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سابق صدر خالد مشعل نے اسرائیلی جیل میں 79 دن سے مسلسل بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدی ماہر الاخرس کے اہل خانہ سے ٹیلیفون پر بات چیت میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسیطن کے مطابق خالد مشعل نے بھوک ہڑتالی اسیر ماہر الاخرس کے اہل خانہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ انہوں نے اسیر الاخرس کی مسلسل بھوک ہڑتال اور اپنے مطالبے پر استقامت کے ساتھ قائم ہرنے کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ صہیونی ریاست کا جبر ماہر الاخرس کے عزم کے سامنے پاش پاش ہو جائے گا اور وہ اپنے مطالبات منوانے میں کامیاب رہیں گے۔
اس موقعے پر اسیر الاخرس کے اہل خانہ نے خالد مشعل کو بھوک ہڑتالی اپنےعزیز کی موجودہ خطرناک صورت حال سے آگاہ کیا۔
خالد مشعل نے کہا کہ ماہر الاخرس کے عزم اور استقامت کو حماس اور پوری فلسطینی قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے فلسطینی قوم کے نوجوانوں کے لیے اپنی زندگی سے عملی مثال قائم کی ہے۔
خیال رہے کہ اسیر ماہر الاخرس مسلسل 79 دن سے انتظامی قید کے خلاف بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔