سوڈان کی پیشہ ور تنظیموں کے اتحاد ‘ایس پی اے’ نے حکومت کی جانب سے اسرائیل کوتسلیم کرنے اور صہیونی ریاست کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام کے اعلان کو مسترد کر دیا ہے۔
سوڈانی پروفیشنل ایسوسی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل ایک غاصب اور نسل پرست ریاست ہے جو انتہا پسندی اور نسل پرستی کی حمایت کرتی اور مظلوم فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کو غصب کیے ہوئے ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دسمبر 2018ء کو سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد قائم ہونے والی خود مختار کونسل نے جو راستہ اپنایا ہے وہ سوڈان کی تاریخی روایات کے منافی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ عبوری حکومت اور خود مختار کونسل نے اسرائیل کو تسلیم کرکے عوام کی طرف سے تفویض کردہ اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عبوری اتھارٹی کو یہ اختیار نہیں کہ وہ صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے اقدامات کرے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں سوڈان کی خود مختار کونسل نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر سوڈان کے عوامی حلقوں کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔