قابض صہیونی حکام نے گذشتہ ماہ اکتوبر میں فلسطینیوں کی املاک پر 81 حملے کیے۔ ان میں املاک کی مسماری، انہیں غصب کرنے، خالی کرانے اور ان کی مسماری کے نوٹسز کے واقعات شامل ہیں۔
فلسطین میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپ ‘شمس’ کی رپورٹ کے مطابق قابض حکام کی طرف سے فلسطینیوں کی املاک پر جارحانہ حملے اور شہریوں کے حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ ماہ قابض حکام نے فلسطینیوں کی 36 املاک مسمار کیں۔ جن میں کئی رہائشی مکانات شامل ہیں۔ ان میں سے دو مکانات ان کے مالکان کے ہاتھوں مسمار کرائے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صہیونی حکام کی طرف سے اکتوبر میں مکانات خالی کرانے یا انہیں قبضے میں لینے کے 43 نوٹس جاری کیے۔ ان میں تعلیمی، زرعی، تفریحی اور طبی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی املاک شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ ماہ سب سے زیادہ املاک القدس میں مسمار کی گئیں۔ القدس میں 18، بیت لحم میں 11 اور الخلیل میں 10 املاک مسماری کی گئیں۔
گذشتہ ماہ اسرائیلی حکام کے ہاتھوں فلسطینیوں کی املاک کی مسماری کے نتیجے میں 110 فلسطینی جن میں زیاہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں متاثر ہوئے۔