اسلامی جمہوریہ ایران کےایٹمی سائنسدان کے قتل کے بعد ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کی دھمکیوں کے پیش نظر صہیو نے دنیا بھر میں اپنے سفارتخانوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے اسرائیلی نیوز چینل این12 کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیل نے اپنے تمام سفارتخانوں کو ہائی الرٹ کیا ہے۔
ایران نے اسرائیل کو محسن فخری زادہ کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے جو جمعہ کو مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے تھے۔ ایران کے سپریم لیڈر نے اس قتل کے ذمہ داروں کو ’قرار واقعی سزا‘ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
محسن فخری زادہ کی بیوہ نے سرکاری ٹی وی چینل سے گفتگو میں بتایا کہ ’وہ شہید ہونا چاہتے تھے اور ان کی یہ خواہش پوری ہو گئی۔
تہران میں کچھ سخت گیر مظاہرین نے صدر ڈونلد ٹرمپ اور منتخب ہونے والے صدر جو بائیڈن کی تصاویر جلا ڈالیں، جنہوں نے کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ عالمی طاقتوں کے ساتھ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں دوبارہ واپسی پر غور کرے گی۔
امریکی اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کرتے ہوئے سخت گیر مظاہرین نے ایران کے وزیر خارجہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے نیوکلیئر معاہدے کے لیے مذاکرات میں تعاون کیا تھا۔