ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیل کو تہران میں حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کو شہید کرنے کی "سخت سزا” دے گا۔
خامنہ ای کا کہنا تھا کہ اسماعیل ھنیہ کے قتل کا بدلہ لینا ایران پر فرض ہے کیونکہ یہ شہادت ایران کی سرزمین پر ہوئی ہے۔ انہوں نے اسرائیل کو”سخت سزا” دینے کی دھمکی دی۔ خامنہ ای کا ماننا تھا کہ اسرائیل نے یہ حملہ کر کے خود کو سخت سزا کا مستحق قرار دیا ہے۔
دوسری طرف ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بدھ کی صبح حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کے قتل پر اسرائیل کو سنگین نتائج کی دھمکی دی۔ انہوں نے کہاکہ اسماعیل ھنیہ کے قتل پر اسرائیل پچھتائے گا۔
پزشکیان نے کہا کہ ایران "اپنی علاقائی سالمیت، وقار، عزت اور فخر کا دفاع کرے گا۔ دہشت گرد قابض دشمن ریاست اسماعیل ہنیہ کے قتل جیسے بزدلانہ اقدام پر پچھتائے گی۔‘‘
ایرانی پاسداران انقلاب نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا "سخت اور دردناک جواب دیا جائے گا”۔ انہوں نے کہا کہ”ایران اور مزاحمت کا محور اس جرم کا جواب دیں گے”۔ وہ پورے مشرق وسطی میں تہران کی حامی قوتوں کا حوالہ دے رہے تھے۔