جمعه 15/نوامبر/2024

صنعاء سمیت شمالی یمن امریکی وبرطانوی افواج کے حملوں سے لرز اٹھے

اتوار 4-فروری-2024

امریکہ اور برطانیہ نے یمن میں حوثی ملیشیا کے 36 اہداف پر حملے کیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سنیچر کو دوسرے روز بھی یمن میں ایران کے حمیات یافتہ حوثیوں کے فوجی اہداف کو امریکی و برطانوی جنگی طیاروں نے نشانہ بنایا۔

گذشتہ ہفتے کے آخر میں اردن میں امریکی فوجیوں پر ہونے والے مہلک ڈرون حملے میں تین اہلکاروں کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کے بعد ایران سے منسلک عسکری گروپوں کے خلاف امریکہ نے عراق میں بھی کارروائی کی۔

پینٹاگون نے بتایا کہ حملوں میں حوثی ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے کی تنصیبات، میزائل سسٹم، لانچرز اور دیگر عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جو حوثیوں نے بحیرہ احمر کی جہازوں پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کیے۔ پینٹاگون نے مزید کہا کہ اس نے یمن بھر میں 13 مختلف مقامات کو نشانہ بنایا۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ ’یہ اجتماعی کارروائی حوثیوں کو واضح پیغام دیتی ہے کہ اگر وہ بین الاقوامی جہاز رانی اور بحری جہازوں پر اپنے غیر قانونی حملے بند نہیں کرتے تو مزید نتائج بھگتنا پڑیں گے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ان حملوں میں بحرین، کینیڈا، ڈنمارک، نیدرلینڈز اور نیوزی لینڈ کی مدد بھی امریکہ و برطانیہ کو حاصل تھی۔

قبل ازیں جمعے کو امریکہ نے عراق اور شام میں ایران کے پاسداران انقلاب  اور اس سے منسلک ملیشیاؤں کے 85 سے زیادہ اہداف پر حملے کیے تھے جن میں مبینہ طور پر تقریباً 40 افراد ہلاک ہوئے۔

ان حملوں کی ایران اور عراق نے مذمت کی تھی۔

امریکہ نے کہا کہ ان حملوں کے ذریعے اس ڈرون حملے کا بدلہ لیا گیا جس میں اردن میں تین امریکی فوجی ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

گذشتہ برس سات اکتوبر کو اسرائیل پر فلسطینی مزاحمتی گروپوں کے مہلک حملے کے بعد اسرائیل کی غزہ پر مستقل بمباری سے مشرق وسطیٰ میں اس تنازعے کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی