فلسطین کی مزاحمتی تنظیم ’حماس‘ کا کہنا ہے کہ ’اس کے مسلح ونگ کا ایک اہم رہنما غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملے کے دوران شہید ہو گئے ہیں۔‘
حماس نے منگل کو ایک بیان میں بتایا کہ ’ایمن نوفل، ’ابو احمد‘ جنرل ملٹری کونسل کے رکن تھے۔‘
حماس کے مطابق ’القسام بریگیڈز کی مرکزی کمان کے کمانڈر ’وسطی غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے فضائی حملے میں شہید ہوئے ہیں۔‘
یاد رہے کہ اسرائیل نے سات اکتوبر کو مزاحمت کاروں کی جانب سے حملوں کے بعد حماس کے زیرِاقتدار غزہ پر بمباری کی ہے، جسے ملکی تاریخ کا بدترین حملہ کہا جا رہا ہے۔
دونوں جانب سے حکام نے بتایا کہ ’لڑائی میں اب تک اسرائیل میں 1400 سے زائد جبکہ غزہ میں 2700 سے زیادہ افراد جان گنوا چکے ہیں۔‘
اسرائیل نے حماس کے ساتھ جاری لڑائی کے دوران اپنے سرحدی علاقے کو زیادہ تر آبادی سے خالی کرا لیا ہے۔
جب کہ دوسری جانب غزہ کے 24 لاکھ رہائشیوں کے لیے فلسطین کی سرزمین چھوڑنا ناممکن ہو گیا ہے۔