لیگ آف پارلیمنٹرینز فار القدس نے قابض اسرائیلی اتھارٹی کے سرکاری دورے پر آئی رکن یورپی پارلیمنٹ کو فلسطینی علاقوں میں داخلے سے روکنے اور اسے ڈی پورٹ کر کے اسپین بھیجنے کی شدید مذمت کی ہے۔
ہسپانوی رکن یورپی پارلیمنٹ آنا میرانڈا آٹھ دیگر یورپی قانون سازوں کے ساتھ فلسطین اور اسرائیل کے لئے دو وفود کی صورت میں پیر کی شام تل ابیب کے بین گوریون ہوائی اڈے پر اترے۔ تاہم، قابض اسرائیلی وزارت داخلہ کے حکم پر میرانڈا کو اسپین کے شہر میڈرڈ جانے والی پرواز پر روانہ کر دیا گیا۔
بدھ کے روز جاری ایک بیان میں اراکین پارلیمنٹ فار القدس نے رکن پارلیمنٹ ’’میرانڈا‘‘ کے ساتھ ہونے والے اسرائیلی رویے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے اسے "آزادی پر ایک نیا اسرائیلی حملہ اور بین الاقوامی قانون اور سب سے بنیادی بین الاقوامی اصولوں اور قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی” قرار دیا۔
پارلیمنٹرینز برائے القدس نے اس اقدام کو "اسرائیل کے ریاستی جرائم کا سامنا کرنے اور انہیں بے نقاب کرنے میں یورپی قانون سازوں کے کردار کو کم کرنے کی کوشش” کے مترادف قرار دیا۔