اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے گذشتہ روز ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ساتھ فون پر رابطہ کیا اور ان کے ملک میں آنے والے حالیہ ہولناک زلزلہ پر ترکیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔
حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ آزمائش کی اس دردناک گھڑی میں اسلامی تحریک مزاحمت اپنے ترک قیادت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔
حماس کے رہنما نے زلزلے سے پہنچنے والی تباہی کا مقابلہ کرنے کے لئے ترک قیادت، بالخصوص صدر ایردوآن، کے کردار کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ترکیہ اس کڑے وقت سے بہت سے زیادہ مضبوط ہو کر نکلے گا۔
ادھر ترکیہ کے صدر نے افسوسناک زلزلے پر ٹیلی فونک اظہار یکجہتی پر اسماعیل ھنیہ کا شکریہ ادا کیا۔ صدر ایردوآن نے حماس کے رہنما کو زلزلہ متاثرین سے متعلق تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے زلزلہ میں ہونے والے نقصان کو جلد از جلد پورا کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔