اسرائیلی قابض فوج نے دعویٰ کیا کہ آج علی الصبح مغربی کنارے میں اریحا کے جنوب مغرب میں واقع عقبہ جبر پناہ گزین کیمپ میں متعدد فلسطینی مزاحمتی جنگجوؤں کو ہلاک کیا ہے۔
فوجی ترجمان کے مطابق، اسرائیلی فوجی کیمپ میں ایک محفوظ پناہ گاہ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے جس میں 28 جنوری کو اریحا کے قریب ایک ریستوران پر ناکام حملے کے بعد سے دو مطلوب فلسطینی چھپے ہوئے تھے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ فورسز نے چھاپے کے دوران مطلوب جنگجوؤں اور دیگر کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد ہلاک کردیا۔
اسرائیلی فوج نے کئی ضبط شدہ آتشیں اسلحے کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔
مقامی ذرائع نے سات نوجوانوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے، جن میں وہ دو جنگجو بھی شامل ہیں جنہوں نے ایک ہفتہ قبل ایک اسرائیلی ریستوران پر فائرنگ کرنے کی کوشش کی تھی۔ شہداء کی لاشیں اسرائیلی فوج نے اپنے قبضے میں لے لی ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سر میں گولی لگنے سے زخمی ہونے والے نوجوان کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ قابض فوج نے چھاپے کے دوران ایک اور زخمی شہری کو گرفتار کر لیا۔
ان واقعات کے دوران ایک اسرائیلی فوجی کو مبینہ طور پر گولی لگنے سے چوٹ آئی۔
انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی ویڈیو فوٹیج میں مقامی نوجوانوں کو چھاپے کے دوران اسرائیلی ڈرون کو تباہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
دریں اثنا، قابض فوج نے حماس کے اہم اہلکار شاکر عمارہ کو عقبہ جبر کیمپ میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا ہے۔