چهارشنبه 30/آوریل/2025

یروشلم میں اسرائیل کی جانب سے انہدام کی کاروائیاں جاری

منگل 31-جنوری-2023

قابض اسرائیلی فورسز نے آج پیر کی صبح ایک فلسطینی شہری کی تجارتی تنصیبات اور دیوار کو مسمار کردیا۔ اور بیت لحم کے مغرب میں واقع بیت جالا شہر میں ایک رہائشی کمرے کو مسمار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قابض اسرائیلی فورسز نے یروشلم کے جنوب مشرقی علاقے جبل المکبر میں ایک فلسطینی شہری اکرم شقیرات کی ایک دیوار اور ایک تجارتی مرکز کو بلڈوزر سے منہدم کر کے زمین کو ہموار کر دیا۔

ایک اور واقعے میں مسجد اقصیٰ کے جنوب میں واقع قصبے سلوان میں قابض فورسز نے بھاری نفری کے ساتھ دھاوا بول کر فلسطینی شہری کریم ابو تایہ کی دیوار منہدم کردی۔

واضح رہے کہ یروشلم میں اسرائيلی بلدیہ نے قابض فورسز کی نگرانی میں انتہا پسند اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن غفیر کے حکم پر کل اتوار کو 14 فلسطینی مکانات کو "بغیر اجازت نامے” کی تعمیر کے بہانے مسمار کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کیا تھا۔
 
ایک اور کارروائی میں قابض فوج نے بیت جالا شہرکے شمال مشرق میں واقع علاقے "بیر عونہ” میں فلسطینی شہری فاطمہ موسیٰ عواد کو بغیر لائسنس تعمیر کے بہانے اس کے رہائشی کمرے کو مسمار کرنے کا حکم دیا ۔

"بیرعونہ”  اسرائيل کے آبادکاری حملوں کا اہم ہدف ہے ۔یہاں فلسطینی شہریوں کے گھروں کو مسمار کرنا، اور تعمیرات سے روکنا اسرائیل کے لیے معمول کی بات ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی