مغربی کنارے کے شمال میں واقع جنین پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی قابض فوج کی گولہ باری سے آج صبح دو فلسطینی شہری شہید ہو گئے۔
طبی ذرائع کے مطابق شہادت کا رتبہ پانے والے 58 سالہ اسکول ٹیچر جواد فرید حسین بواقنہ اور اسلامی جہاد کی القدس بریگیڈ کے 27 سالہ مزاحمتی جنگجو ادھم محمد باسم جبارین ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ جنین کیمپ کے علاقے الساحہ میں اپنے گھر کے سامنے زخمی ہونے والے ادھم جبارین کو جواد بواقنہ ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہے تھے کہ وہ خود بھی ایک گولی کا شکار بن گئے۔
فوج نے زخمی شہریوں کو ہسپتالوں منتقل کرنے والی ایمبولینس کے عملے کو کیمپ میں داخل ہونے سے روک دیا ۔ ایک نجی کار میں ابن سینا ہسپتال لے جایا گیا۔ہسپتال پہنچنے کی کچھ دیر بعد، دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
دریں اثناء، کیمپ میں قابض فوج کے ساتھ جھڑپوں کے دوران تین دیگر فلسطینی شہری گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔چار کو گرفتار کیا گیا۔
حماس کے القسام بریگیڈز کا کہنا ہے کہ اس کے جنگجوؤں کے ایک جتھے اور الاقصیٰ بریگیڈ کے کچھ افراد نے جنین کیمپ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوجیوں کا مقابلہ اور ان کی گاڑیوں پر دھماکہ خیز مواد سے حملہ کیا۔
تاہم اسرائیلی قابض فوج نے اپنے فوجیوں کے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی۔