فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے شہید شیخ عزالدین القسام کے یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ پورے فلسطین میں 20 نومبر کو شیخ القسام کا یوم شہادت منایا گیا اور آزادی فلسطین کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
شیخ عزالدین القسام کو فلسطین کاز اور مسلمانوں کے مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے جان قربان کیے ہوئے 87 سال گذر چکے ہیں مگر ان کے راستے پر چلنے والے فلسطینی مزاحمت کاروں کے لیے وہ آج بھی مشعل راہ ہیں۔
ان کے یوم شہادت کی مناسب سے جاری کیے گئے حماس کے بیان میں کہا گیا ہے ‘ شام کے شہر جبلہ سے تعلق رکھنے والے عظیم سپوت کی فلسطین کاز کے لیے دی گئی شہادت اوراسرائیلی قبضے کے خلاف مزاحمت کا راستہ یہ گواہی دیتے ہیں کہ اس قبضے کو شکست دینے کا یہی ایک راستہ ہے۔
نیز فلسطین کاز تمام عربوں اور مسلمانوں کا کاز ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شیخ عزالدین القسام کے نام پر حماس کے مسلح ونگ کا قیام ان کے لیے فلسطینیوں کی طرف سے خراج تحسین بھی ہے اور ان کی قربانی کا اعتراف بھی۔
شیخ القسام کے راستے اور نقش قدم پر چلنے والا ہر فرد آج بھی یہ سمجھتا ہے کہ مزاحمت ہی ایک آپشن ہے جس کے ذریعے اسرائیلی قبضے کو ختم کیا جا سکے گا۔ اسی طریقے پر عمل پیرا ہو کر اپنی سرزمین کو آزاد کرایا جا سکتا ہے۔
حماس نے اس موقع پر جاری کیے گئے بیان میں پورے فلسطین میں موجود عوام پر زور دیا ہے کہ اسرائیلی قبضے کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھی جائے۔ تاکہ یہودی قبضے سے اپنی سرزمین کے ساتھ ساتھ مقدس مقامات کی آزادی ممکن بنائی جا سکے۔
جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے ‘ اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور ناکام بنانے کا بھی یہی راستہ ہے ، ناجائز یہودی بستیوں کو ختم کرنے کا بھی اور فلسطین کو یہودیانے کی اسرائیلی سازشوں کو ناکام بنانے کا بھی یہی علاج ہے۔’
شیخ القسام کے 87 ویں یوم شہادت کے سلسلے میں حماس کے اس بیان میں عرب اقوام ، تمام مسلمانوں اور پوری دنیا کے آزادی پسند انسانوں کو بھی اس جانب متوجہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی حمایت کریں اور ان کے جائز اور قانونی یعنی ان کی آزادی کے لیے ان کا ساتھ دیں، ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔
واضح رہے شیخ عزالدین القسام 20 نومبر 1936 کو جنین کے علاقے میں ایک گاوں میں برطانوی قابض فوج کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ وہ فلسطینی مزاحمت کاروں کی قیادت کر رہے تھے۔
شیخ القسام کی شہادت نے فلسطینیوں کی جدوجہد پر گہرے اثرات مرتب کیے بلکہ آنے والے برسوں میں پوری عرب دنیا میں انقلاب کا ماحول پیدا کر دیا۔ حماس کا القسام بریگیڈ کے نام سے مسلح ونگ انہی کے نام سے منسوب ہے۔