حما س کی طرف سے نابلس اور رام اللہ میں منگل کے روز ہونے والی فلسطینی شہادتوں کے سلسلے میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے لیے ہیروآنہ انداز میں مزاحمت کرتے ہوئے شہادت قبول کرنے والے مزاحمت کار جنگجو ہمارے ہیرو ہیں۔
یہ اظہار حماس کی طرف سے ان فلسطینی ہیروز کی شہاد ت پر جاری کردہ اپنے تازہ بیان میں کیا گیا ہے۔
حماس نے ایسے نوجوان مزاحمت کاروں کے لیے فلسطینی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آزادی کے لیے لڑنے والے ان مجاہدوں کی اپنے ہاں حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کریں تاکہ قوم کے اس قیمتی اثاثے کو اپنے مشن کی تکمیل کے لیے آسانی کے ساتھ موقع میسر رہے۔
منگل کی صبح قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے صرف نابلس میں پانچ فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔ حماس نے اس پس منظر میں اپنے بیان میں کہا ‘ نابلس کے پرانے شہر میں فلسطینی عوام نے ایک مرتبہ پھر اپنے دفاع اور مزاحمت کے لیے گہری وابستگی اور بے مثال نمونہ پیش کیا ہے۔
حماس نے کہا اس واقعے میں بہادر مزاحمت کاروں نے جس طرح قابض اسرائیلی فوج کا مقابلہ کیا وہ شاندار ہے۔
یہ اس عزم کا اظہار ہے کہ قبضے اور اسرائیلی دہشت گردی کے خاتمے تک یہ مشن جاری رہے گا ، نیز یہودی آباد کاروں کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف قابض فوجی ‘کور’ میں کی جانے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے بھی مزاحمت جاری رہے گی۔
حماس نے اپنے شہدا کا بدلہ لینے کے لیے قابض فوج اور یہودی آباد کاروں کو نشانہ بنانے پر زور دیا ہے۔ نیز نابلس اور مغربی کنارے کے بسنے والے فلسطینی عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مزاحمت کاروں کے تحفظ کے لیے پہلے سے بھی زیادہ یکجہتی دکھائیں۔