اسلامی جہاد موومنٹ نے فلسطینی مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس موقع کو مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیے اکٹھے ہونے اور عزم کر کی تجدید کا موقع بنائیں۔ اس مقصد کے لیے میلاد کے موقع پر زیادہ سے زیادہ تعداد میں مسجد اقصیٰ میں جمع ہوں۔ تاکہ یہودی آباد کاروں کی مسجد اقصیٰ پر جاری چڑھائیوں کی روک تھام کی جا سکے۔
اس موقع کی مناسبت سے اسلامی جہاد موومنٹ نے کھلے الفاظ میں کہا ہم ان لوگوں کی عزت کرتے ہیں جنہوں نے فلسطینی کاز کے لیے ہماری مدد کی اور مسجد اقصیٰ کے تحفظ و دفاع میں ہمارے ساتھ نظر آئے تاکہ ہم سب اپنے دین کا دفاع کر سکیں۔
لیکن اسلامی جہاد موومنٹ ان سب سے نفرت کرتی ہے جنہوں نے ہم فلسطینیوں کو دھوکہ دیا اور پوری امہ کی عزت و وقار کا سودا کر کے اپنے مفادات کے لیے کوشاں ہیں۔
اسلامی جہاد موومنٹ نے خبر دار کیا کہ آنے والے دنوں میں یہودی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصیٰ کے خلاف کارروائیاں بہت بڑھ جائیں گی۔ کیونکہ مسجد اقصیٰ میں قتل عام کی 32 سالگرہ آرہی ہے۔ اس لیے ہمیں مسجد اقصیٰ میں اپنی موجودگی کو بڑھانا ہو گا۔
اسی دواران ایک واقعے میں اسرائیلی قابض پولیس نے یروشلم میں مسلمانوں پر حملہ کر کے متعدد کو زخمی کر دیا۔ یہ مسلمان میلاد کی تقریب کے سلسلے میں یروشلم کے علاقے باب العمود میں جمع ہوئے تھے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پولیس نے یروشلم کی گلیوں اور بازاروں میں بھی مختلف جگہوں پر چڑھائی اور اسی طرح کی کارروائیاں کیں۔ اس دوران زخمی ہونے والے مسلمانوں کو فلسطینی پیرا میڈیکس نے فوری طبی امداد کا اہتمام کیا ۔