حماس نے یہودی کے عبرانی کیلنڈر کے مطابق سال نو کے آغاز پر فلسطینی اتھارٹی سربراہ محمود عباس کے تہنیتی پیغام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے یہ مبارک باد دینا فلسطینی عوام کے خلاف اشتعال انگیزی کے مترادف ہے۔ اس امر کا اظہار حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک مذمتی بیان میں کیا ہے۔
فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے مبارک بادی کا پیغام اسرائیلی وزیر دفاع بینی گنتز کو دیا گیا تھا۔ ترجمان حماس نے کہا اسرائیلی وزیر دفاع کو سال نو کی مبارک باد دینے کا اہتمام اس کے باوجود کرنا کہ اسی اسرائیل اور اسرائیلی وزیر کی وجہ سے فلسطینی کس قدر مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں سخت افسوسناک ہے، ناجائز یہودی بستیوں میں اضافہ کیا جارہا ہے، مغربی کنارے میں فلسطینیوں کےخلاف مظالم ، گرفتاریوں اور شہادتوں کے علاوہ مسجد اقصیٰ کی توہین کا سلسلہ جاری ہے۔
حازم قاسم نے کہا ‘ قابض فوج کا ناجائز قبضہ اسرائیل کی طرف سے ناجائز یہودی بستیوں کی توسیع اور فلسطینیوں کے لیے مصائب کی موجودگی میں اس طرح کا مبارکباد کا پیغام فلسطینیوں کی بے توقیری کرنے کے مترادف ہے۔ ترجمان حماس کی طرف سے یہ بیان پیر کے روز سامنے آیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے فون کرکے اسرائیلی وزیر دفاع کو نئے سال کی مبارکباد دی تھی۔