جمعه 15/نوامبر/2024

فلسطینی قیدیوں کی کھلی بھوک ہڑتال کا فیصلہ معطل

جمعہ 2-ستمبر-2022

اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں نے بڑے پیمانے پر کھلی بھوک ہڑتال کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ اسرائیلی جیل انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے جابرانہ اقدامات کے خلاف اپنے مطالبات منوانے کی خاطر آج شام شروع ہونا تھی۔

قومی اسیران تحریک کی اعلی سطح کمیٹی نے ایک پریس بیان میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا : "اسرائیلی جیل انتظامیہ نے فلسطینی قیدیوں کے خلاف اپنی جابرانہ پالیسیوں کو روکنے کا فیصلہ اس وقت کیا جب اس نے محسوس کیا کہ فلسطینی اسیران ہر قیمت پر اپنے حقوق کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس طرح کا اسرائیلی فیصلہ اسرائیلی جیلوں میں قیدیوں کی تحریک کے اتحاد اور ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے۔ "

کمیٹی نے فلسطینی عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اسرائیلی جبر کے خلاف احتجاجی اقدامات کے دوران فلسطینی قیدیوں کی حمایت کی، نیز اسرائیلی قبضے کا مقابلہ کرتے ہوئے قیدیوں کے غیر متزلل صبر و ثبات کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا۔

رواں ہفتے کے آغاز میں، ہزاروں فلسطینی قیدیوں نے اپنے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کو اجاگر کرنے کے لیے احتجاجی مظاہروں میں حصہ لیا۔ مختلف اوقات میں جیل کا کھانا واپس کیا اور روزانہ کی تفتیش کروانے سے انکار کیا۔ اسی سلسلے میں بھوک ہڑتال کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

امورِ اسیران سے متعلق اداروں کے مطابق اس وقت اسرائیلی جیلوں میں 27 خواتین، 175 بچوں اور 670 انتظامی قیدیوں سمیت تقریباً 5000 فلسطینی قیدی ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی