رامون جیل میں آج صبح سے شدید کشیدگی پائی جاتی ہے ۔اسرائیلی خصوصی فوجی دستوں نے جیل کے مختلف حصوں اور سیلوں پر چھاپہ مارا اور فلسطینی قیدیوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
اسرا میڈیا آفس کے مطابق، رامون جیل میں آج صبح کے وقت فوجیوں نے سیلوں میں توڑ پھوڑ اور قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی کی۔
دوسری طرف، فلسطینی قیدیوں کی سوسائٹی (پی پی ایس) کے مطابق تقریباً 1000 فلسطینی قیدی جمعرات کو مختلف جیلوں میں کھلے عام بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔
چند روز قبل اسرائیلی قید خانوں میں فلسطینی قیدیوں کی جانب سے تفتیش کے لیے باہر جانے اور مخصوص دنوں میں ان کے لیے دیا جانے والا کھانا لینے سے انکار کے ساتھ متعدد ابتدائی احتجاجی اقدامات کیے گئے تھے۔
قیدیوں نے گذشتہ اتوار کو جیلوں میں ان کی نمائندگی کرنے والی کمیٹیوں کو بھی تحلیل کر دیا تھا ۔
فلسطینی اسیران تحریک کی اعلیٰ سطح کمیٹی نے پہلے ہی اسرائیلی جیل سروس کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے قیدیوں کے خلاف اپنے جابرانہ اقدامات جاری رکھے تو یہ ابتدائی احتجاجی اقدامات کھلے عام بھوک ہڑتال پر منتج ہوں گے۔
پی پی ایس کے مطابق ان احتجاجی اقدامات کا مقصد خاص طور پر اسرائیلی جلادوں پر عمر قید کی سزا پانے والے قیدیوں کی ایک جیل سے دوسری جیل میں بار بار منتقلی کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالنا اور عمومی طور پر قیدیوں کے حالات کو بہتر بنانا ہے۔