حماس کے ترجمان حازم قاسم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی قبضے کو فلسطینی عوام کے خلاف جنگی جرائم کا جوابدہ ٹھہرانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔
ایک اخباری بیان میں، قاسم نے وضاحت کی کہ اسرائیلی جرائم کی تحقیقات کے لیے ہمارے بار بار کے بین الاقوامی اداروں سے مطالبات فلسطینی عوام کے صبر کا امتحان اور کھلی دہشت گردی پر ٹک ٹک دیدم، دیدم نہ کشیدم کی عملی مثال ہے۔
قاسم کا یہ بیان فلسطینی عوام کے خلاف کیے جانے والے جرائم کے ایک نئے سلسلے کے بعد سامنے آیا ہے۔ گذشتہ دن محمد الشہام کو مقبوضہ بیت المقدس میں ان کے گھر پر چھاپے کے دوران شہید کیا گیا اور لاش کو رسیوں سے باندھنے جیسا دل خراش واقعہ سامنے آیا۔
دریں اثناء، اقوام متحدہ نے نوجوان کے قتل کی "فوری، جامع اور آزادانہ تحقیقات” کا مطالبہ کیا ہے۔
مشرق وسطیٰ قیامِ امن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ٹور وینس لینڈ نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا: میں کفر عقب میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں فلسطینی نوجوان محمد الشہام کی اس کے گھر میں ہلاکت پر سخت پریشان ہوں۔ اس واقعے کی فوری، مکمل اور آزاد تحقیقات کی ضرورت ہے۔