وزارت تعلیم نے خبردار کیا ہے کہ 36 فلسطینی سکولز کو قابض اسرائیلی فوج کی طرف سے مسماری کا خطرہ ہے۔ 36 فلسیطینی سکولوں میں سے 6 سکول مقبوضہ یروشلم میں واقع ہیں۔ ان چھ سکولوں کو مسمار کرنے کی وجہ اس کے سوا کچھ نہیں کہ یہ سکول ناجائز یہودی بستیوں کے قریب واقع ہیں۔
واضح رہے اسی ہفتے کے دوران اسرائیلی قابض اتھارٹی نے مقبوضہ یروشلم میں چھ فلسطینی سکولوں کے مستقل لائسنس منسوخ کر دیے ہیں۔ ان سکولوں کو دھمکی دی گئی ہے کہ اگر ایک سال کے اندر اندر انھوں نے فلسطینی نصاب کو تبدیل نہ کیا تو ان کے عارضی لائسنسن بھی منسوخ کر دیے جائیں گے۔ فلسطینی وزارت تعلیم کے ترجمان صادق الخضؤری نے اس بارے میں کہا ہے کہ قابض اتھارٹی نے حال ہی میں مقبوضہ علاقے میں فلسطینی سکولوں کی مسماری کے نوٹس جاری کیے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ قابض اسرائیلی اتھارٹی کی فلسطینی تعلیمی اداروں کے بارے میں پالیسی کا ایک حصہ یہ ہے کہ مقامی لوگوں کو علاقے سے بےدخل کیا جائے۔ جس کا بالآخر مقصد یہ ہے کہ فلسطینی تعلیمی اداروں بالخصوص مسافر یطا اور مقبوضہ یروشلم میں واقع سکولوں کو اسرائیلی وزارت تعلیم کے سلیبس کے تابع کیا جائے اور جو سکول ایسا نہ کریں انھیں بند کر دیا جائے۔