فلسطینی قیدیوں کی سوسائٹی (پی پی ایس) کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیل کی کمیٹی برائے فوری رہائی نے 83 سالہ معمر ترین فلسطینی قیدی فؤاد حجازی محمد الشوبکی کی رہائی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ قوی امید تھی کہ انہیں جلد رہا کر دیا جائے گا۔
الشوبکی کی مسلسل بگڑتی صحت کے باعث ان کی جلد رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ انہیں آنکھوں، معدے اور دل کا عارضہ لاحق ہےجو سرطان کی کیفیت اختیار کر چکا ہے۔ کمیٹی نے قانونی دباؤ کے بعد گزشتہ ماہ رہائی کا عندیہ دیا تھا۔
یاد رہے، 2006 ءمیں اسرائیلی قابض فوج نے الشوبکی کو اریحا سے گرفتار کیا تھا۔ اسرائیلی فوجی عدالت میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑا جہاں انہیں 20 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ بعد میں سزا کم ہو کر 17 سال کر دی گئی۔ ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ 2002ء میں کیرن اے نامی جہاز کے ذریعے ہتھیاروں کی ایک بڑی کھیپ غزہ کی پٹی میں اسمگل کرنے کی کوششوں کے ذمہ دار ہیں۔