جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کا فلسطینیوں پر تشدد، تین گرفتار، فصلوں کو آگ لگا دی

جمعرات 23-جون-2022

کل بُدھ کی شام قابض اسرائیلی فوج نے جنوبی مغربی کنارے کے الخلیل شہر میں دو الگ الگ مقامات پر تین شہریوں کو گرفتار کیا اور متعدد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج نے الخلیل شہر کے متعدد محلوں پر دھاوا بولا۔ فلسطینی شہریوں شادی عابدین، احمد غالب ابو اسینینہ اور حمودہ اکرم جابر کے گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر ان میں سے تین کو گرفتار کرلیا۔

قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کو الخلیل کے جنوب میں مسافر یطا میں متعدد کارکنوں اور غیر ملکی یکجہتی کے کارکنوں کو مارا پیٹا اور ان میں سے دو کو حراست میں لے لیا۔

الخلیل کے جنوب میں دیوار اور بستیوں کے خلاف مزاحمت کے لیے عوامی کمیٹیوں کے کوآرڈینیٹر راتب الجبور نے کہا کہ قابض افواج  نے اس علاقے میں ہونے والی مشقوں کے خلاف احتجاج کے دوران متعدد کارکنوں اور غیر ملکی یکجہتی کے کارکنوں کو زدوکوب کیا۔ اس دوران قابض فوج نے مسافر یطا سے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قابض فورسز نے شہریوں کے گھروں میں جعلی اہداف کے ماڈلز تعینات کیے اور جگہ جگہ بھاری ہتھیاروں سے تربیتی کارروائیاں کیں جس سے مکینوں میں خوف و ہراس کی کیفیت پھیل گئی۔

 

مسافر یطا کا یہ علاقہ ان 12 رہائشی بستیوں میں شامل ہے جنہیں اسرائیلی فوج طاقت کے ذریعے خالی کرانے کی کوشش کررہی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی