مقبوضہ بیت المقدس کے اوقاف اسلامیہ سرکل کے اعلان میں بتایا گیا ہے کہ قابض اسرائیلی حکام کی جانب سخت سکیورٹی اقدامات کے باوجود کم سے کم 30 ہزار فرزندان توحید نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کی۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ القدس کے پرانے شہر اور مسجد اقصیٰ آنے والے راستوں اور قبلہ اول کے داخلی دروازوں پر اسرائیلی پولیس متعین کر دی گئی تھی۔
اسرائیلی پولیس مسجد آنے والے نمازیوں کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے علاوہ جامہ تلاشی بھی لیتی رہی۔ انہی ذرائع نے بتایا کہ مسجد اقصیٰ کے ایک داخلی دروازے باب الغوائمہ پر نماز ادائی کے دوران پولیس نے دو نوجوانوں کو حراست میں بھی لیا۔
واضح رہے کہ مغربی کنارے سے مسجد اقصیٰ اور القدس آنے والوں پر اسرائیلی فورسز کڑے ضوابط عاید کر کے ان کی مسجد آمد میں تاخیری حربے استعمال کرتی ہے۔ کئی مرتبہ انہیں اجازت نامے نہ ہونے کا بہانہ بنا کر راستے سے واپس بھیج دیا جاتا ہے۔