پنج شنبه 08/می/2025

اسرائیل کا غزہ سے داغا راکٹ مار گرانے کا دعویٰ

منگل 19-اپریل-2022

اسرائیل کے عوامی نشریاتی ادارے کان ریڈیو نے پیر کے روز خبردی ہے کہ غزہ کی پٹی سے داغے گئے ایک راکٹ کو آئرن ڈوم دفاعی نظام نے مار گرایا ہے اور مزید کہا ہے کہ یہ گذشتہ قریباً سات ماہ میں غزہ سے جنوبی اسرائیل کی جانب پہلا راکٹ حملہ تھا۔

یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل اسرائیلی فوج نے جنوبی اسرائیل میں واقع علاقوں کیسوفیم اورعین ہاشلوشا میں راکٹ حملے سے خبردار کرنے کے لیے سائرن بجائے تھے۔

کان ریڈیو کی اطلاع کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اورگذشتہ سات ماہ کے دوران میں یہ پہلا موقع ہے جب فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کی طرف راکٹ داغا گیا ہے۔

یہ راکٹ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسجد اقصیٰ کے احاطے میں جھڑپوں کے بعد فلسطینی،اسرائیل کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ الاقصیٰ کے احاطے میں تشدد کا آغاز جمعہ کو علی الصبح ہوا تھا اور اس میں اب تک 170 سے زیادہ افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ان میں زیادہ تر فلسطینی ہیں۔

مسجدِاقصیٰ اسلام کا تیسرا متبرک ترین مقام ہے۔ یہود کے لیے بھی یہ مقدس ترین مقام ہے۔ وہ اسے ہیکل ماؤنٹ کہتے ہیں۔ یہ تاریخی طور پر فلسطینیوں اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا ایک اہم مقام رہا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی