اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے کہا ہے کہ اسرائیلی لیڈروں کے عرب اور مسلمان ممالک کےدورے اور وہاں پر حکومتوں کی سطح پر ان کا استقبال ناقابل قبول ہے۔ حماس کا اشارہ اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کے دورہ ترکی طرف تھا جہاں کل بدھ کو انقرہ میں ان کا سرکاری سطح پر استقبال کیا گیا۔
حماس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی لیڈروں کا ہمارے برادر مسلمان اورعرب ملکوں میں استقبال ہمارے لیے تشویش کا باعث ہے۔ یہ مسلمان اور عرب ملک قضیہ فلسطین کے لیے تزویراتی گہرائی کے مترادف ہے مگر وہاں پر صہیونیوں اور فلسطینیوں کے قاتلوں کا استقبال ہمارے لیے قابل قبول نہیں۔
حماس نے بیان میں کہا کہ جماعت فلسطینی قوم کی عزت وناموس، مقدسات، مسجد اقصیٰ اور دیگرمحرمات کو پامال کرنے کی کسی جو اجازت نہیں دیتی۔ ہم ان صہیونیوں کے لیے اپنے برادر مسلمان اور عرب ملکوں میں سرخ قالینیں بچھانے کو قبول نہیں کرتے۔ اس وقت ہمارے دشمن کی جیلوں میں ہزاروں فلسطینی قید ہیں۔ فلسطینیوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ ہمارےگھر مسمار کیے جا رہے ہیں اور ہماری قوم کو بے گھر کیا جا رہا ہے۔