اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے کویتی اخبار’القبس‘ کی طرف سے فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے اور سال 2021ء کے لیے فلسطینی قوم کو’ہیرو‘ قرار دینے کی تحسین کی ہے۔
حماس کے بیرون ملک شعبہ اطلاعات کے سربراہ ھشام قاسم نے ہفتے کے روز ایک پریس بیان میں کہا کہ فلسطینی قوم اور ان کی جماعت کویتی اخبار’القبس‘ کی کاوش کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ کویتی اخبار نے فلسطینی قوم کو سال 2021ء کی ہیرو قرار دے کرفلسطینی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔
انہوں نےقبس اخبار کے چیف ایڈیٹر ولید النصف کو لکھے گئے ایک مکتوب میں ان کی فلسطینی قوم کی حمایت میں کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کویتی اخبارنے فلسطینی قوم کے قابض دشمن کے خلاف صبرو ثبات کوخراج تحسین پیش کرنا، الشیخ جراح کے مقامی شہریوں کی ثابت قدمی اور مسجد اقصیٰ کے ساتھ ربط و تعلق مستحکم کرنا قابل تحسین اقدام ہے۔